سکولوں میں امتحانی نظام شفاف بنانے کیلئے ایس او پیز جاری

لاہور (بیوروچیف) محکمہ اسکول ایجوکیشن نے پنجاب بھر میں سالانہ امتحانات کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے نئی ہدایات اور ایس او پیز جاری کر دئیے ہیں،جاری کردہ ہدایا ت کے مطابق امتحانی پرچوں کی مارکنگ کے عمل کو سخت نگرانی میں رکھا جائے گا تاکہ نتائج کی درستگی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق پنجاب بھر سے 25فیصد سکولوں کے پیپرز کو سکول بیسڈ اسیسمنٹ کے تحت علیحدہ نظام کے ذریعے ویلیڈیشن کے لیے منتخب کیا جائے گا، اس عمل کا مقصد امتحانی نتائج کی درستگی کی جانچ کرنا ہے۔ حکام نے تمام سکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسیسمنٹ سے متعلق مکمل ریکارڈ محفوظ رکھیں، اگر کسی سکول میں غلط مارکنگ یا نتائج کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی شکایت سامنے آئی تو متعلقہ سربراہان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ کے مطابق جعلی یا من گھڑت نتائج تیار کرنے والے سکولوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ حقیقی اور درست نتائج دینے والے سکول سربراہان کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں