سکول بس پر خود کش حملہ،3طلبہ سمیت5افراد جاں بحق،38زخمی

خضدار(نامہ نگار) خضدار میں قومی شاہراہ پر زیرو پوائنٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں3بچوں سمیت5افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں سکول کی بس تباہ ہو گئی، سکول بس میں سوار 3بچے اور 2اساتذہ جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 38زخمی بچوں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، مزید معلومات سامنے آنے پر میڈیا اور عوام سے شیئر کی جائیں گی۔واضح رہے کہ بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردی میں حالیہ دنوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، کالعدم تنظیموں کے دہشتگرد معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں تیزی لانے کی کوشش کر رہی ہیں تاہم سکیورٹی فورسز نے ان کی متعدد وارداتیں ناکام بنائی ہیں۔ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے خضدار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔محسن نقوی نے کہا ہے کہ دشمن نے بربریت کا مظاہرہ کر کے معصوم بچوں پر حملہ کیا، سکول بس پر حملہ دشمن کی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھنانی سازش ہے، قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ جاں بحق بچوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق بچوں کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں