سکول ٹرین میں تبدیل

دین پور (نامہ نگار) جنوبی پنجاب کے علاقے دین پور، تحصیل کروڑ میں واقع ایک گورنمنٹ ہائی سکول نے اپنی انوکھی ساخت سے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے،سکول کی عمارت کو ٹرین کی شکل میں ڈیزائن کیا گیا ہے، جو دیکھنے والوں کو حیران کر دیتی ہے اور بچوں کے لیے دلچسپی کا باعث بن گئی ہے،صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی اسے سراہا ہے۔ یہ منفرد آئیڈیا سکول کے ایک تخلیقی اور باصلاحیت استاد کی ذہانت کا نتیجہ ہے، جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود عمارت کو اس طرح ڈیزائن کیا کہ پورا سکول ایک چلتی ہوئی ٹرین کا منظر پیش کرتا ہے،سکول کی دیواروں پر رنگ برنگی تصویریں، کھڑکیاں اور دروازے ٹرین کے ڈبوں کی مانند بنائے گئے ہیں، جب کہ مرکزی دروازے کو انجن کی شکل دی گئی ہے۔ مقامی افراد کے مطابق اس ڈیزائن نے سکول کی شناخت بدل کر رکھ دی ہے، اب یہ عمارت نہ صرف تعلیم حاصل کرنے کی جگہ ہے بلکہ بچوں کیلئے ایک دلچسپ تجربہ گاہ بن چکی ہے، علاقے کے لوگ اس تخلیقی کوشش کو خوب سراہا رہے ہیں اور دیگر تعلیمی اداروں کو بھی اس طرز پر نئی سوچ اپنانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ سکول کی عمارت کو ٹرین کی طرح بنانے کا مقصد بچوں میں تعلیم کے لیے دلچسپی اور جوش پیدا کرنا ہے، تاکہ وہ خوشی خوشی سکول آئیں اور سیکھنے کے عمل کو ایک تفریح سمجھیں۔ سوشل میڈیا پر جب سکول کی ویڈیوز وائرل ہوئیں تو صارفین نے بھی اس اقدام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، کسی نے اسے تعلیم میں جدت کی بہترین مثال کہا تو کسی نے لکھا، ”یہ وہی جذبہ ہے جو پاکستان کے تعلیمی نظام میں نئی روح ڈال سکتا ہے”۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں