سکیورٹی گارڈ سمیت3افراد قتل،مغوی تاجر کی نعش نہر سے مل گئی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مختلف واقعات میں سکیورٹی گارڈ سمیت 3افراد قتل’ جبکہ چار روز قبل اغواء ہونیوالے تاجر کی ڈجکوٹ نہر سے نعش مل گئی، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق شیخوپورہ روڈ پر واقع بلیو سٹار پٹرول پمپ پر بطور سکیورٹی گارڈ فرائض سرانجام دینے والے 30سالہ امیر حمزہ ولد رحمت علی سکنہ فتح پور کو سر میں گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول امیر حمزہ کا فیصل سٹی کے عثمان وغیرہ سے جھگڑا ہوا تھا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔ ٹھیکری والا کے علاقہ 76ج ب میں رقم کے لین دین پر مشتعل ملزمان جعفر’ لیاقت وغیرہ نے 50سالہ رشید احمد کو گھر سے بلا کر زہریلی اشیاء کھلا کر ابدی نیند سلا دیا۔ متوفی کے بیٹے عبداﷲ کی درخواست پر پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔ جبکہ تھانہ ترکھانی کے علاقہ 46 گ ب میں پرانی دشمنی کا بدلہ لینے کی خاطر مشتعل ملزمان خلیل وغیرہ نے چوہدری غلام محمد کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے چوہدری غلام محمد اور شاہد بری طرح زخمی ہو گئے۔ جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں پر 30سالہ شاہد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس نے پوسٹ مارٹم کیلئے نعش کو ہسپتال منتقل کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ علاوہ ازیں تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ شادمان ٹائون خواجہ اسلام روڈ کا رہائشی 60سالہ کپڑے کا تاجر محمد سعید چار روز قبل گھر سے نکلا واپس نہ آیا، پولیس نے مغوی کے بیٹے کی اطلاع پر اغواء کا مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی۔ تاہم گزشتہ روز تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ نہر سے مذکورہ تاجر کی نعش مل گئی، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول تاجر محمد سعید ڈپریشن کا شکار تھا، چار روز قبل گھر سے نکلا واپس نہ آیا، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے پتہ چلا کہ وہ نہر کی جانب گیا ہے وہ چہل قدمی کرتے ہوئے سگریٹ نوشی بھی کرتا رہا۔ بعدازاں رکشہ میں بیٹھ کر گیا اس کے بعد سراغ نہ مل سکا تھا۔ گزشتہ روز ڈجکوٹ کے قریب نہر سے نعش مل گئی تاہم پولیس نے اغواء کے مقدمہ میں 302 ت پ کا اطلاق کر کے نعش ورثاء کے حوالے کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں