2

سیاحت کے فروغ کیلئے FCCIاورPTDCمیں تعاون بڑھایا جائیگا،صدف ظفر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیاحت کے فروغ کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پی ٹی ڈی سی میں تعاون کوبڑھایا جائیگا۔ یہ بات ٹورازم ،آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ایڈیشنل سیکرٹری محترمہ صدف ظفر نے فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کئی شہر دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کیلئے انتہائی متبرک اور مقدس ہیں جن کے پوٹینشل سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔ انہوںنے بتایا کہ فیصل آباد کے تاریخی مقامات کی سیر کیلئے دو بسیں مہیا کر دی گئی جن کے ذریعے مقامی ، ملکی اور غیر ملکی سیاح اس شہر کو زیادہ بہتر طور پرسمجھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محترمہ مریم نواز نے سیاحت کے فروغ کیلئے ایک ہزار طلبہ کوانٹرن شپ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ محترمہ صدف ظفر کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر چیمبر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ پاکستان میں بالعموم اور پنجاب میں بالخصوص بے شمار تفریحی اور سیاحتی مقامات موجود ہیں مگر ہم اُن سے فائدہ نہیں اٹھارہے۔ صدر نے مری میں سفاری ٹرین اور تفریحی بسیں چلانے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ پٹریاٹا کی چیئر لفٹ کو جدید بنانے اور وہاں زیادہ سہولتیں مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی سے میٹنگ کر کے باہمی تعاون کو بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تاریخی اور تفریحی مقامات کی مؤثر تشہیر او رمارکیٹنگ کیلئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔ انہوں نے لاہور کے قلعے کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ چنیوٹ کے نزدیک دریائے چناب پر پی ٹی ڈی سی کا Resortتھا جس کی حالت انتہائی مخدوش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا کا میوزیم عالمی شہر ت رکھتا ہے تاہم ہمیں مختلف شہروں کی تاریخی اور تفریحی مقامات کی نشاندہی کر کے اُن کے بارے میں کتابچے شائع کرنے چاہئیں۔ ایگزیکٹو ممبر ندیم اقبال نے کہا کہ کے ٹو سے جتنا ریونیو حاصل ہوتا ہے اس سے دو اعلیٰ معیار کے موٹل تعمیر کئے جا سکتے ہیں ۔ آخر میں سابق سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے محترمہ صدف ظفر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اِس موقع پر طارق چوہدری، ایم شاہد اور محمد جمیل کسانہ بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں