سیاسی استحکام کیلئے سیاسی بحرانوں کا خاتمہ ناگزیر ہے،لیاقت بلوچ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیرلیاقت بلوچ نے کہاہے کہ آئی ایم ایف کو ایسٹ انڈیا کمپنی بننے سے روکنے اور پاکستان کی معاشی خودمختاری، سیاسی استحکام کیلئے قومی سیاسی جمہوری اور ریاستی قیادت کو ہی کردار ادا کرنا ہوگا۔ سیاسی استحکام کے لیے سیاسی بحرانوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ قومی سیاسی جمہوری قیادت اِس حقیقت کو جان لیں کہ سیاسی محاذ پرہٹ دھرمی اور دست و گریبان رہنے کا تمام تر نقصان ملک و ملت کا ہورہا ہے۔ قومی سیاسی قیادت کو قومی سلامتی کی حفاظت، آئینی سیاسی جمہوری نظام کی مضبوطی اور عوام کے بنیادی معاشی اور سماجی حقوق کے مسائل حل کرنے کیلئے قومی بالغ نظری کا کردار ادا کرنا ہوگا وگرنہ تمام اسٹیک ہولڈرز رسوا ہونگے اور ریاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کی ڈونرزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع ضلعی امیرپروفیسر محبوب الزماںبٹ،نائب امیرشیخ محمدمشتاق،جنرل سیکرٹری یاسر اقبال کھارا، پروفیسرڈاکٹر مدثر احمد نے بھی خطاب کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ سیاسی مذاکرات کی ناکامی سیاست، جمہوریت اور پارلیمانی جمہوریت کیلئے نیک شگون نہ ہوگا۔سیاسی بحرانوں سے نجات اور سیاسی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ قومی سیاسی قیادت قومی ترجیحات، قومی ترجیحات پر دباؤ سے آزاد ہوکر اور اپنی ماضی کی غلطیوں کو تسلیم کرکے اتفاق رائے سے فیصلے کریں۔انہوںنے کہاکہ 26ویں آئینی ترمیم اور سپریم کورٹ ، ہائی کورٹ میں جسٹس حضرات کی تقسیم حالات کو بھیانک بنارہی ہے۔ جج صاحبان تقسیم در تقسیم کی بجائے ازخود عدالتی حالات کو درست کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے عوام کے لیے عدل و انصاف کی فراہمی کی خاطر عدالتیں اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں