سیدہ فاطمتہ الزہراہ کی حیات طیبہ خواتین کیلئے مشعل راہ ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جگر گوشہ رسول صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم’ طاہرہ’ عابدہ’ طیبہ’ طاہرہ حضرت بی بی فاطمہ سلام اﷲ علیہا کی زندگی خواتین کیلئے مشعل راہ ہے اور خواتین کو چاہیے کہ وہ خاتون جنت کی زندگی کو اپنا آئیڈیل بنائیں تاکہ دنیا اور آخرت کی زندگی سنور جائے۔ ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین مفتی اظہار الحق زاہدی ایڈووکیٹ نے ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کے نیوز ایڈیٹر ریاض ملک کی رہائشگاہ پیپلزکالونی نمبر1 مدنی ہائوس میں حصرت بی بی فاطمة الزہرہ سلام اﷲ علیہا کے یوم وصال کے موقع پر دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنت کی عورتوں کی سردار بی بی پاک فاطمة الزہرہ جب آقا کے پاس جاتیں تو حضور اکرمۖ ان کی تعظیم کیلئے کھڑے ہو جاتے اور انکے ہاتھ کا بوسہ لیتے اور اپنی جگہ پر ان کو بٹھاتے، اس طرح جب آپۖ اپنی بیٹی کے گھر جاتے تو وہ آپۖ کے استقبال میں کھڑی ہو جاتیں۔ آپۖ کے ہاتھ کا بوسہ لیتی اور اپنی جگہ پر آپۖ کو بیٹھاتی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جہانوں کی سردار سیدہ کائنات کے نوکر فرشتے ہیں، وہ اپنے گھر کے کام خود کرتی تھیں، چکی چلانے کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کی تلاوت کرتی رہتی تھیں۔ وہ سارا دن کام کاج کرتیں اور جائے نماز پر ساری رات اپنے رب کی عبادت کرتیں اور اذان فجر کے وقت جب سرسجدہ سے اُٹھاتیں تو اپنے رب کریم سے کہتیں کہ یااﷲ رات کتنی چھوٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ حضور کریم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے صحابہ کرام سے سوال کیا کہ کونسی عورت سب سے بہتر ہے۔ صحابہ کرام خاموش رہے اور حضرت علی کرم اﷲ وجہہ الکریم گھر تشریف لائے اور اپنی زوجہ حضرت بی بی فاطمہ سے کہا کہ آج سرورکونین نے سوال کیا ہے کہ کونسی عورت سب سے بہتر ہے۔ پاک بی بی نے کہا وہ عورت سب سے بہتر ہے جسکی نگاہ کسی غیر محرم پر نہ پڑے اور نہ ہی غیر محرم کی نگاہ اس عورت پر پڑے اور آپ کا پردہ کا یہ عالم تھا کہ جنت کی عورتوں کی سردار پاک بی بی فاطمہ نے فرمایا کہ میری میت پر کسی غیر محرم کی نگاہ نہ پڑے، شام کے وقت اندھیرے میں تدفین کی جائے۔ تو حضور کریم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے کہا کہ فاطمہ سلام علیہا نے درست فرمایا ہے۔ حضرت بی بی پاک نے حضرت امام حسن علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام کی مثالی تربیت کی جو کہ ہر دور کے مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلبیت کے تذکرے کرنے سے گھروں میں کروڑوں برکتوں کا نزول ہوتا ہے۔ اﷲ تعالیٰ ریاض ملک کی رہائشگاہ مدنی ہائوس پر رحمتیں نازل فرمائے اور ہم سب کو اہلبیت سے سچی محبت عطا فرمائے، (آمین)۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں