28

سید جاویدشاہ کی رحلت پر ہرآنکھ اشکبار ، شہر کی فضاء سو گوار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کی عظیم روحانی وعلمی شخصیت’ امیر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت فیصل آباد’ پیر طریقت’ رہبرشریعت’ زینت المشائخ’ فخرسادات ولی کامل’ ممتاز عالم دین شیخ الحدیث حضرت مولانا سید جاوید حسین شاہ کی نمازجنازہ پیپلزکالونی نمبر2کشمیر پارک المعروف پہاڑی والی گرائونڈ میں ادا کی گئی۔ نمازجنازہ میں ممتاز عالم دین مولاناطارق جمیل’ عالمی انجمن خدام الدین کے مرکزی امیر حضرت مولانا اجمل قادری’ صاحبزادہ خواجہ خلیل احمد خانقاہ سراجیہ کندیاں شریف’ جے یو آئی کے مرکزی رہنما محمد امجد خان’ مولانا محمد احمد لدھیانوی’ مولانا معاویہ اعظم’ چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی’ ڈائریکٹر ختم نبوت ایجوکیشن سنٹر برطانیہ مولانا امداد الحسن نعمانی’ سابق ممبران قومی وصوبائی اسمبلی چوہدری عابد شیر علی’ حاجی اکرم انصاری’ شیخ اعجاز احمد ایڈووکیٹ’ ٹکٹ ہولڈر خواجہ رضوان’ خالد محمود قاسمی’ صاحبزادہ مولانا احمد علی ثانی’ مولانا اعظم فاروق’ مولانا حفیظ الرحمن’ مولانا عابد فاروقی’ مولانا طلحہ کے علاوہ ملک بھر کے جید علماء کرام’ سیاستدانوں’ صنعتکاروں’ تاجروں’ وکلائ’ مذہبی’ سماجی’ رفاعی تنظیموں کے عہدیداروں’ کارکنان’ عمائدین شہر اور انکے ہزاروں مریدین اور عقیدت مند شریک تھے۔ سید جاوید حسین شاہ شیخ الحدیث جامعہ عبیدیہ فیصل آباد خانقاہ عبیدیہ دنیا بھر میں لاکھوں مریدین کے روحانی پیشوا اور جمعیت علماء اسلام (ف) پنجاب کے راہنما مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ کے والد گرامی تھے، انہیں چاروں سلاسل طریقت میں خلافت واجازت بیعت حاصل تھی، مرحوم حضرت امام لاہوری کے مداح جبکہ مفسر قرآن حضرت مولانا عبیداﷲ انور کے خلیفہ مجاز تھے۔ حضرت بہلوی، حضرت خواجہ خان محمد، حضرت مفتی عبدالستار، حضرت سید نفیس الحسینی سمیت متعدد اہل اﷲ کے جانشین تھے، انہوں نے پوری زندگی درس وتدریس اور احکام شریعت کی پاسداری واشاعت اسلام میں گزاری، ہر بدھ وار کو خانقاہ عبیدیہ علامہ اقبال کالونی میں مجلس ذکر کرواتے اور سالکین کو واعظ فرماتے تھے۔ ان کی درجنوں کتابیں شائع ہوئیں۔ ان کے وعظ پر مشتمل کتاب مجالس ذکر بھی مریدین میں مقبول ہے۔ نمازجنازہ سے قبل عالمی انجمن خدام الدین کے مرکزی امیر جانشین حضرت مولانا محمد اجمل قادری نے شیخ الحدیث حضرت جاوید حسین شاہ کے فرزند ارجمند مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ کی دستاربندی کی، نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کی تدفین جامعہ عبیدیہ میں کی گئی، تدفین کے بعد خصوصی دعا مولانا اجمل قادری نے کروائی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت مولانا سید جاوید حسین شاہ کی وفات پر قوم ایک جید عالم دین سے محروم ہو گئی، آپ ایک عالم دین ہونے کے ساتھ ساتھ اﷲ کے ولی بھی تھے، آپ سے ہزاروں عقیدت مندوں نے شرعی’ دینی وروحانی معاملات میں راہنمائی حاصل کی۔ آپ کی مجالس اور خانقاہ کے ذریعے لوگ اپنے عقائد’ نظریات اور اعمال کی اصلاح کرتے رہے۔ ان کی رحلت بہت بڑا سانحہ ہے، آپ کی وفات پر پیدا ہونے والا خلا مدتوں پُر نہیں ہو سکتا، آپ ایک باعمل عالم دین تھے آج ہر شخص ان کا دُکھ محسوس کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت مولانا جاوید حسین شاہ کے انتقال نے ایک مرتبہ پھر اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ دنیا ناپائیدار ہے اور یہاں پر کسی کو دوام نہیں ہے۔ انہوں نے دُعا کی کہ اﷲ پاک ان کی کامل مغفرت فرمائے، مرحوم اکابرین علماء ودیوبند کے فیض یافتہ’ سچے عاشق رسول اور محافظ ختم نبوت تھے، اﷲ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں بلند مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں