فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سول لائن پولیس نے سیشن کورٹ میں تاریخ پیشی پر لائے جانے والے زیرحراست علی عمران کے قتل کے الزام میں 9ملزمان ثقلین’ سجاد’ قلب عباس’ وسیم عباس’ اﷲ دتہ’ زاہد’ قیصر شہزاد’ صدی وغیرہ کیخلاف دہشت گردی’ قتل اور اعانت قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز ڈسٹرکٹ جیل سے تھانہ روشن والا کے مقدمہ قتل میں ملوث ملزم عمران علی ولد محمد انور سکنہ 244 رب وسیراں کو تاریخ پیشی کیلئے سیشن کورٹ لایا گیا۔ سیشن کورٹ میں پہلے سے موجود مخالف ثقلین نے اسے دیکھتے ہی گولیاں برسا دیں اور گولیاں لگنے سے عمران موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا، فائرنگ کی آواز سن کر سیشن کورٹ میں تاریخ پیشی پر آئے سائلین میں بھگدڑ مچ گئی، تاہم ملزم ثقلین کو وہاں پر موجود سکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا اور نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ تھانہ سول لائن پولیس نے احاطہ سیشن کورٹ میں زیرحراست ملزم کے قتل کے الزام میں دہشت گردی’ قتل’ اعانت قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت 9ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
5