سیف سٹیز اتھارٹی کا آن لائن شکایات کیلئے اہم اقدام

لاہور (بیوروچیف) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کی سہولت کے لیے جدید آن لائن شکایات ٹریکنگ سسٹم متعارف کروا دیا ۔سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کی سہولت اور قانونی عمل میں شفافیت بڑھانے کے لیے اپنی 15ایمرجنسی ہیلپ لائنز کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کے لیے جدید آن لائن ٹریکنگ سسٹم متعارف کروا دیا ہے۔ اب شہری گھر بیٹھے اپنی رجسٹرڈ درخواستوں کی پیش رفت دیکھ سکیں گے اور خواتین کو خصوصی سہولت بھی میسر ہوگی۔ حکام کے مطابق نئے نظام کے تحت ہر شکایت کے ایف آئی آر کے اندراج کے بعد متعلقہ شہری کو واٹس ایپ پیغام کے ذریعے اطلاع دی جائے گی جس میں ڈاون لوڈ لنک، ای ٹیگ نمبر اور دیگر ضروری تفصیلات شامل ہوں گی۔ شہری صارف نام اور پاس ورڈ کے ذریعے پورٹل میں لاگ ان کر کے اپنی شکایت کی موجودہ صورتحال ملاحظہ کر سکیں گے اور ایف آئی آر کی کاپی بھی ڈاون لوڈ کی جا سکے گی۔ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کے ساتھ مربوط یہ سہولت خواتین کو قانونی رہنمائی اور شکایات کی فالو اپ گھر بیٹھے حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ افسران شکایات کی پیش رفت کے دوران متاثرہ خواتین سے مسلسل رابطے میں رہیں گے تاکہ کسی بھی پیچیدگی یا اضافی مدد کی صورت میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔ شہری اپنی شکایت کی حالتhttps://feedback.psca.gop.pkپر ملاحظہ کر سکتے ہیں جبکہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن سے رابطہ کے لیے ہیلپ لائن نمبر 15پر کال کر کے 2دبانا ہو گا، اہلکار شہری کی شکایت کے ہر مرحلے کی تفصیل فراہم کریں گے تاکہ قانونی عمل میں شفافیت اور اعتماد قائم ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں