سیف سٹی سرگودھا کی شاندار کارکردگی،جرائم کی شرح میں69فیصد کمی ریکارڈ

سرگودھا(بیورو چیف)سیف سٹی سرگودھا کے جدید مانیٹرنگ سسٹم اور مربوط حکمت عملی نے شہر کے امن و امان کی صورتحال بدل کر رکھ دی۔ ڈکیتی،رہزنی اور موٹر سائیکل چوری جیسی سنگین وارداتوں میں 69 فیصد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایس پی آپریشنز سیف سٹی، عامر مشتاق کے مطابق، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کا رسپانس ٹائم 25 منٹ سے کم ہو کر محض 11 منٹ رہ گیا ہے۔ سٹی ایریا میں ہونے والی 302 وارداتوں کو ٹریس کیا گیا، جس کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ پولیس نے 155 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور 122 مقدمات کے چالان عدالتوں میں جمع کروائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی کے دائرہ کار کو تمام علاقوں تک بڑھایا جا رہا ہے۔ سرگودھا کی چھ تحصیل ہیڈکوارٹرز کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے جو اسی سال فعال کر دیا جائے گا جبکہ یونین کونسلز کی سطح پر بڑھانے کے لئے سروے جاری ہے اس کے ساتھ ساتھ اہم سرکاری تنصیبات پر نصب 500 سے زائد کیمروں کو بھی سیف سٹی نیٹ ورک سے منسلک کر دیا گیا ہے جن میں حساس سکولز، مساجد، امام بارگاہ ،چرچز ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اور مولا بخش ہسپتال سمیت تمام تحصیل ہیڈکوارٹر کے ہسپتال شامل ہیں جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ اب ان تمام مقامات کی مانیٹرنگ بھی سیف سٹی کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے آگاہی مہم کے ابتدائی مرحلے میں 7 ہزار سے زائد اساتذہ کو سیف سٹی موبائل ایپ انسٹال کروائی جا چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں