سیلابی صورتحال کے حوالے سے اقدامات

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ضلعی انتظامیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جانب سے دریائے راوی میں تحصیل کمالیہ میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے راوی میں کمالیہ اور پیر محل کے مقامات پر ممکنہ ہائی فلڈ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ گزشتہ 5 دن سے مسلسل انتظامات کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 20 ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں متاثرہ افراد کے لیے خوراک، علاج معالجہ، پینے کے پانی اور دیگر سہولیات دستیاب ہیں۔ مزید برآں، 52 دیہات سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے اور متاثرہ آبادیوں کے انخلاء کا آپریشن رات بھر جاری رہا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ بلوکی کے مقام پر اس وقت ہائی فلڈ موجود ہے، جو 24 سے 36 گھنٹوں میں کمالیہ اور پیر محل کے علاقوں تک پہنچنے کا امکان ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں حفاظتی اقدامات کے طور پر “بریچنگ پوائنٹ” مختص کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پانی کو کنٹرول کیا جا سکے۔ذیشان لبھا مسیح نے کہا کہ ریلیف کیمپوں میں متاثرہ افراد کے ساتھ ساتھ ان کے مویشیوں کے لیے بھی چارہ اور ونڈا فراہم کیا گیا ہے تاکہ مقامی آبادی کو اپنے جانوروں کے حوالے سے کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ کمالیہ سے گزرنے والا سیلابی ریلہ ہیڈ سدھنائی کی طرف رواں دواں ہے۔ تمام محکموں کے سربراہان بشمول ریسکیو 1122، محکمہ صحت، پولیس، سول ڈیفنس، زراعت، لائیو اسٹاک اور سوشل ویلفیئر ریلیف کیمپوں میں موجود ہیں اور انتظامات کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں تاکہ متاثرہ آبادی کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں یا فیک نیوز پر کان نہ دھریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری کردہ سرکاری اعلانات پر ہی یقین کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں