سیلابی صورتحال کے پیش نظر فیصل آباد کے فلڈ سیکٹرز میں ویٹرنری سٹاف تعینات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پنجاب بھر کی طرح فیصل آباد ڈویژن میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام فلڈ سیکٹرز میں ویٹرنری سٹاف کو تعینات کر دیا گیا ہے اور فلڈ ریلیف کیمپس فعال کر دیئے گئے ہیں۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے تحصیل تاندلیانو ا لہ کے مختلف ویٹرنری ہسپتالوں، فیلڈ ایریاز اور فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا۔دورے میں سول ویٹرنری ڈسپنسری مرید والا،سول ویٹرنری ڈسپنسری 503 گ ب،سول ویٹرنری ڈسپنسری509 گ ب، فیلڈ ایریاز اور فلڈ ریلیف کیمپ بلھے شاہ شامل تھے۔انہوں نے ویٹرنری ہسپتالوں میں عملے کی حاضری،او پی ڈی،صفائی کی صورتحال، کسان لائیو سٹاک بیٹھک اور وزیراعلی پنجاب لائیو سٹاک کارڈ ریکارڈ،ادویات و ویکسین کا ذخیرہ، سیرم ریکارڈ، کولڈ چین، کسانوں کے لئے بیٹھنے کے انتظامات، صاف پانی کی دستیابی اور واش رومز کی صفائی کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔انہوں نے موقع پر موجود عملے کو واضح ہدایات دیں کہPLC فیز II کی پیش رفت کو تیز کیا جائے، جاری ویکسینیشن کو بروقت مکمل کیا جائے، ہسپتالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے، کولڈ چین کو برقرار رکھا جائے اور کسانوں کو منہ کھر، گل گھوٹو، کانگو بخار اور دیگر موسمی امراض سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نےSPMS 9211 پر ڈیٹا کی ریئل ٹائم اپ لوڈنگ اور ADRS Farmer App کے مؤثر استعمال پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ویٹرنری ہسپتالوں سے ملحقہ دیہات کے کسانوں سے ملاقات کی جنہوں نے جانوروں کی ویکسینیشن اور محکمہ لائیوسٹاک کی سروس ڈیلیوری پر اطمینان کا اظہار کیا۔بعدازاں انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپ بلھے شاہ کا بھی معائنہ کیا جہاں موجود ویٹرنری عملے کی حاضری اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا اور عملے کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے چوکنا رہنے کی ہدایات جاری کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں