سیلاب متاثرہ علاقوں میں لائیو سٹاک ریلیف کیمپس فعال

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں محکمہ لائیوسٹاک کے فلڈ ریلیف کیمپس مکمل طور پر فعال ہیں جہاں محکمہ کے ماہرین مویشیوں کے علاج معالجہ، بیماریوں سے بچا کے حفاظتی ٹیکہ جات اور ادویات کی فراہمی کا سلسلہ چوبیس گھنٹے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مویشی مالکان کو تازہ سبز چارہ اور ونڈا بھی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ مال مویشیوں کو خوراک کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے ضلع جھنگ میں فلڈ ریلیف کیمپس گھری بند، ہرمل پور، کوٹ کہرہ، 18ہزاری، جبوانہ اور گڑھ مہاراجہ اور ان کے علاوہ نشیبی دیہات کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر لائیوسٹاک اور تمام اضلاع کے ایڈیشنل ڈائریکٹرز اور متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز فلڈ ریلیف کیمپس اور سیلاب متاثرہ علاقوں کا مسلسل دورہ کر رہے ہیں تاکہ سہولیات کی فراہمی اور متاثرہ کسانوں کے مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر لائیو سٹاک کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرہ کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کے مال مویشیوں کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں