سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر سیلاب سے متاثرہ دیہاتو ں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کشتی کے ذریعے مختلف علاقوں میں پہنچے۔ انہوں نے موضع جلی ترہانہ کی اضافی آبادی، بستی سدلوں، بستی بنڈہ 53/5اور موضع ابو وہنی وال سمیت ماموں کانجن کے دیہاتوں کا دورہ کیا جہاں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات اور ان کی دلجوئی کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیلاب متاثرین ہمارے بہن بھائی ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں میں کھانے اور راشن بیگز تقسیم کیے اور کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سیلاب متاثرین کو دن میں تین وقت کا پکا ہوا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ راشن بیگز کی تقسیم بھی جاری ہے جو فی خاندان ایک ماہ کے لیے کافی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں مویشیوں کے لیے سائلج، ونڈا اور چارے کے ساتھ ویکسینیشن کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں ویٹرنری ڈاکٹرز موجود ہیں جو جانوروں کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی بحالی تک امدادی سرگرمیاں دن رات جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں