سیلاب متاثرین کیلئے 1100 راشن بیگز MTJF کے سپرد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری سیلاب زدگان کی امداد کیلئے رفاہی تنظیموں کے تعاون سے اُن دور دراز علاقوںپر خصوصی توجہ دے گا جہاں تاحال سرکاری اور نجی اداروں کی رسائی ممکن نہیں۔یہ بات صدر فاروق یوسف شیخ نے دریائے راوی کے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کیلئے 1100راشن بیگ مولانا طارق جمیل فائونڈیشن (ایم ٹی جے ایف ) کے سپرد کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں شہر کی مخیر شخصیات کے علاوہ چیمبر کی فلڈ ریلیف کمیٹی کے چیئرمین میاں جاوید اقبال اور میونسپل کارپوریشنکی سابق ڈپٹی چیف آفیسر حافظہ عظمت فردوس نے بھی شرکت کی۔ صدر چیمبر نے فائونڈیشن کے کاموں کو سراہا اور بتایا کہ فیصل آباد کی تاجر برادری نے قدرتی آفات کے دوران ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوںنے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر ایک ہزار راشن بیگ پہلے ہی تقسیم کر چکا ہے جبکہ مزید 11سو اب تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ میاں جاوید اقبال نے کہا کہ متاثرہ کاشتکاروں کی بحالی کیلئے گھرو ں کی تعمیر کے علاوہ اُن کیلئے بیج اور کھاد وغیرہ تقسیم کو بھی سراہا اور کہا کہ اس سے متاثرین کو جلد معاشی سرگرمیاں بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ایسے متاثرین کی بحالی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا جن کی زمینوں پر تاحال سیلابی پانی کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر اور تاجر برادری متاثرین کی بحالی کے منصوبوں میں بھی بھر پور حصہ لے گی جبکہ اس سلسلہ میں سروے کا عمل جاری ہے۔میاں جاوید اقبال نے متاثرین کی بحالی کیلئے لوگوں کو تحریک دینے پر زور دیا اور بتایا کہ اُن کی اپیل پر فوری طور پر عطیات آنا شروع ہو گئے تھے۔ انہوں نے مختلف ایسوسی ایشنوں کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنے حلقہ احباب میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ عطیات دینے کی ترغیب دیں۔ حافظہ عظمت فردوس نے قیام پاکستان کے بعد مہاجرین اور قدرتی آفات کے متاثرین کی مدد کیلئے تاجر برادری کے کردار کو سراہا اور بتایاکہ پنجاب حکومت متعلقہ اداروں کی مدد سے متاثرین کا ڈیٹاجمع کر رہی ہے تاکہ اُن کی بحالی کے کام کو شفاف اور منظم طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اربن یونٹ نے ایک ایپ لانچ کی ہے جبکہ سروے ٹیموں میں محکمہ زراعت، آرمی ، پٹواری، اربن یونٹ ، متعلقہ علاقے کا نمبردار یا چیئرمین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر علاقے کے متاثر ہ گھروں اور فصلوں کی تصویریں کھینچ کے اس ایپ پر اپ لوڈ کر رہے ہیں تاکہ صحیح مستحقین کو امداد دی جا سکے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ امداد کی تقسیم کیلئے متعلقہ ڈپٹی یا اسسٹنٹ کمشنر سے رابطہ کریں تاکہ اُن کی امداد کو حقیقی ضرورتمندوں تک پہنچ سکے۔ آخر میں مولانا عارف نے دعا کرائی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ، نائب صدر انجینئر عاصم منیر ، رانا محمد سکندر اعظم خاں، حاجی محمد اسلم بھلی، شاہد مجید، عارف احسان ملک، عبداللہ قادری اور دیگر تنظیموں کی ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں