سیلاب متاثرین کی مدد،زندہ دلان فیصل آباد بازی لے گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ داخلہ کے جاری کردہ آن لائن پورٹل پر شہریوں کی جانب سے شاندار رسپانس سامنے آیا ہے اور اب تک 5 ہزار سے زائد افراد بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔سیکریٹری داخلہ پنجاب کے مطابق خدمت کے جذبے سے سرشار نوجوان بڑی تعداد میں رجسٹریشن کروا رہے ہیں، جن میں فیصل آباد پہلے، بہاولپور دوسرے اور رحیم یارخان تیسرے نمبر پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں خود کو ایک باوقار اور متحد قوم ثابت کیا ہے۔سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی پر دن رات کام جاری ہے جبکہ سول ڈیفنس رضاکار 24 گھنٹے متاثرہ علاقوں میں سرگرم عمل ہیں۔اب تک لاکھوں متاثرین کو ان کی املاک اور مویشیوں سمیت محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا ہے۔ متاثرین کو ریسکیو کرنے کے بعد کھانا، ادویات اور محفوظ شیلٹر فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے تمام ادارے فیلڈ میں سرگرم ہیں جبکہ شہری بھی اپنی صلاحیت اور قابلیت کے مطابق رضاکارانہ طور پر سیلاب متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔شہری ڈاکٹر، طبی عملہ، معلم، ریلیف کیمپ ورکرز، غوطہ خور، ویٹرنری ڈاکٹر، شیف، حجام اور مکینک کے طور پر رجسٹریشن کروا رہے ہیں۔سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ اس وقت متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کرنا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔ بطور رضاکار خدمات سرانجام دینے والوں کو خصوصی تعریفی اسناد دی جائیں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ سول ڈیفنس میں بطور رضاکار رجسٹریشن کے لیے آن لائن پورٹل VCD.HOME.GOP.PK کھلا ہے اور رجسٹریشن کروانے والوں سے متعلقہ اضلاع میں سول ڈیفنس انتظامیہ خود رابطہ کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں