32

سینئر وکلاء کے قتل کی مذمت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سید جعفر طیار بخاری وائس چیئرمین اور رانا سیف اﷲ خان چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل نے سینئر قانون دان اور سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عبدالطیف خاں آفریدی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پشاور کے بار روم میں اور شیخ محمد عمران ایڈووکیٹ اسلام آباد کے راولپنڈی میں بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سے متعدد مرتبہ اس سلسلہ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک میں سکیورٹی کی صورتحال انتہائی افسوسناک ہے اور عوام الناس بالخصوص وکلاء کمیونٹی میں اس سلسلہ میں شدید عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے۔ وکلاء کو بیدردی سے قتل کرنے کے واقعات تسلسل کے ساتھ رونما ہو رہے ہیں اور سکیورٹی میں ناکامی کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہونی چاہیے اور پورے ملک کے بار رومز کی سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی فول پروف اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے مرحومین کے قتل کا مقدمہ دہشت گردی میں چلا کر قاتلوں کو جلدازجلد کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے اور مرحومین کے پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی کے ساتھ ساتھ مرحومین کی مغفرت اور جنت الفردوس میں درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دلخراش واقعات کے سوگ میں آج بروز منگل کو پنجاب بھر کے وکلاء ہڑتال کریں گے اور بطور احتجاج بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں