سینکڑوں طلبہ چین کی جامعات میں تعلیم حاصل کررہے ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرن نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ اور ایکسپو سنٹر کا دورہ کیا جس میں تعلیم، سائنس اور ثقافت کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا۔ قونصل جنرل ژاؤ شیرن نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی سے ملاقات کے دوران یونیورسٹی کی جدید سہولیات اور زرعی تعلیم و تحقیق میں نمایاں پیش رفت کو سراہا۔ غذائی استحکام، زرعی ترقی ،تعلیمی، تحقیقی و تبادلہ پروگراموں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اپنے دورہ کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے دوران، انہوں نے مقامی ڈین ڈاکٹر صدام حسین سے گفتگو کرتے ہوئے تحقیقی و تدریسی تبادلوں، چینی زبان اور ثقافت کے فروغ، اور جدید چینی زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے تعلیمی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ یہ تعاون پاکستان کے زرعی شعبے اور اقتصادی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ پاکستان چین بہترین تعلقات کے تحت زرعی و تعلیمی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں قائم کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ سے سینکڑوں طلبہ مستفید ہو چکے ہیں اور چین کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ زرعی تعلقات سے نہ صرف غذائی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ ترقی کا نیا باب مرتب ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں