سیوریج اور واٹر سپلائی کے غیر قانونی کنکشن منقطع کئے جائیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے سیوریج اور واٹر سپلائی کے غیرقانونی کنکشن منقطع کرنے اور نادہندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا حکم جاری کردیا ہے جبکہ یہ بھی واضح کیا ہے کہ ریونیو افسران دفاتر کی بجائے فیلڈ میں نکلیں اور کام کرتے ہوئے نظر آئیں۔ انہوں نے یہ احکامات واسا ہیڈ آفس میں ریونیو افسران کے ساتھ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید ، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سروسز اکرام اللہ چوہدری ، ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ عمر افتخار ، ڈائریکٹر فنانس شہریار حسن بھی موجود تھے۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے کہا کہ ریونیو افسران فیلڈ میں نکلیں اور ریونیو ریکوری میں مزید اضافہ کرنے کے لئے خصوصی توجہ مرکوز رکھیں اور اس ضمن میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو افسران اور سٹاف سیوریج اور واٹر سپلائی کے غیرقانونی کنکشن کے خلاف فوری اقدامات کرتے ہوئے انہیں منقطع کریں اور انہیں ریگولر کرنے تک دوبارہ کنکشن کسی صورت نہیں ہونے چاہئے۔ ایم ڈی واسا نے تاکید کی کہ ایسے صارفین جو اپنے واجبات اور ماہانہ بلز کی ادائیگی نہیں کررہے ان کے خلاف جامع اور موثر ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریونیو افسران روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں نکلیں اور ریوینیو ریکوری کی کڑی مانیٹرنگ کریں۔ ریونیو افسران دفاتر سے نکل کر فیلڈ میں جائیں تاکہ ریکوری میں مزید اضافہ ممکن ہو سکے۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے صارفین پر زور دیا کہ وہ اپنے واجب الادا واجبات اور ماہانہ بلز کی بروقت ادائیگی کریں تاکہ واسا فیصل آباد کی فراہمی و نکاسی آب کی سروسز ڈیلیوری کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں