سیکورٹی کے تمام پہلوئوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہریوں کو معیاری،محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے الیکٹرو بس ڈپو غلام محمد آباد کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ڈپو کی سکیورٹی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے سکیورٹی کیمروں کی فعالیت، گارڈز کی ڈیوٹی کے نظام اور دیگر حفاظتی امور کو چیک کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سکیورٹی کے تمام پہلوں پر ہر وقت مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے الیکٹرو بسوں کے چارجنگ پوائنٹس کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ چارجنگ کے عمل کے دوران تکنیکی معیار اور سیفٹی سسٹم کے تمام تقاضے مکمل طور پر پورے کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ چارجنگ سسٹم میں کسی قسم کی رکاوٹ یا خرابی برداشت نہیں کی جائے گی۔کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ ای بس سروس فیصل آباد کے شہریوں کیلئے معیاری سفری سہولت کیساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق تمام شہری منصوبوں میں شفافیت،معیار اور عوامی سہولت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ڈپو انتظامیہ سکیورٹی گارڈز،تکنیکی عملے اور آپریشنل ٹیم کے لئے واضح ڈیوٹی شیڈول تیار کرے جبکہ روزمرہ آپریشن اور ای بس سروس کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے موثر مانیٹرنگ سسٹم وضع کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں