سی ٹی ڈی کی کارروائی، 5دہشت گرد ہلاک

مستونگ(نامہ نگار)کانٹر ٹیررازم ڈیپار ٹمنٹ بلوچستان نے ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں کارروائی کرتے ہوئے 5دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ، ہلاک دہشتگرد کوئٹہ، سبی شاہراہ کو بلاک کرنے اور تخریبی کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے مسلح دہشت گرد مستونگ کے علاقے دشت میں موجود ہیں اور کوئٹہ سبی شاہراہ پر ناکہ بندی کے ساتھ سیکیورٹی فورسز اور شہری ٹریفک کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی کوئٹہ کی ٹیمیں فوری طور پر علاقے میں پہنچیں اور نگرانی شروع کی۔ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی اہلکاروں کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد فریقین کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مقابلے کے دوران پانچ نامعلوم دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے دیگر ساتھی دشوار گزار اور پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے پانچ سب مشین گنز بمعہ گولہ بارود، سات دستی بم اور تین موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں