سی پی او بلال عمر کی ہدایت پرعید ایام میں اسلحہ کی نمائش ہوئی فائرنگ کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر عید کے ایام میں اسلحہ کی نمائش و ہوائی فائرنگ ، منشیات فروشوں، اشتہاری ملزمان اور دیگر قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف بھر پور کریک ڈائون کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کیں کہ عید کے ایام میں اسلحہ کی نمائش و ہوائی فائرنگ، منشیات فروشوں اور دیگر قانون شکنی کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا جائے ۔ منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 28مقدمات درج کرکے 28ملزمان گرفتار کیے جن سے 1307لیٹر شراب، تین کلو سے زائد چرس، ڈیڑھ کلو سے زائد ہیروئن، ایک کلو سے زائد آئس برآمد کی گئی اور نا جائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کاروائی کر تے ہوئے 35ملزمان گرفتار کیے گئے۔فیصل آباد پولیس نے عید کے دنوں میں مختلف مقامات سے لاپتہ ہونے والے تقریباً 15بچوں کو بھی ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے تلاش کیا اور انکے ورثا کے حوالے کیا۔چوری، ڈکیتی، بوگس چیک وغیرہ کے مقدمات میں مطلوب 31جبکہ قتل اور اقدام قتل کے 12اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ مختلف علاقوں سے 22جواری بھی گرفتار کیے گئے۔ پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 10ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ فیصل آباد پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے کریک ڈائون جاری ہے۔ قانون کی بالا دستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بھر پور ایکشن لیا جارہا ہے۔ موثرگشت،ایلیٹ اور ڈولفن فورس کے آپریشنز کے لیے نئی حکمت عملی سمیت تھانہ، سرکل اور ٹائون کی سطح پر مانیٹرنگ اور کریمینلزکے قلع قمع کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔مزید سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد کا کہنا ہے کہ پولیس کا ہر جوان کرائم کا بہادری سے مقابلہ کرنے میں مصروف عمل ہے اور ہر شہری کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں