شادی والے گھر گیس سلنڈر دھماکہ،دولہا ،دلہن سمیت6جاں بحق

اسلام آباد (بیوروچیف) اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو گیس سلنڈر سے دھماکے سے 6افراد جاں بحق ہو گئے۔گھرمیں شادی کی تقریب جاری تھی، گیس سلنڈر دھماکا گیس لیکج کے باعث پیش آیا، دھماکے سے چار گھر متاثر ہوئے ہیں۔امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، متعدد افراد ملبے کے نیچے دب گئے، ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف موقع پر پہنچ گئے۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد گھر متاثر ہوئے، گھروں سے مجموعی طور پر 16افراد کو باہر نکالا گیا، ریسکیو کیے گئے 16افراد میں سے 6افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں دلہا اور دلہن بھی شامل ہیں۔دھماکے کی وجہ سے دیگر 10زخمی افراد کو فوری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعہ کے بعد پمز اسپتال کو الرٹ کر دیا گیا، ریسکیو آپریشن جاری ہیں، تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف نے کہا ہے کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد وجوہات کا تعین کیا جا سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں