شام کوتقسیم کا شکار نہیں ہونے دیں گے، اسعد الشیبانی

میونخ(مانیٹرنگ ڈیسک)شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے اقدامات شام کے استحکام کو متزلزل کر رہے ہیں۔ میونخ سکیورٹی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم امریکا کے تعاون سے اسرائیل کو مذاکرات کی میز پر لائے ہیں، اسرائیل شام کے حوالے سے خطرات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔شامی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی ایس ڈی ایف(سیریئن ڈیموکریٹک فورسز)کے رہنمائوں کی موجودگی میں ملاقات شامی اتحاد کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس ڈی ایف شام کی حکومت کا حصہ ہے،ہم ایس ڈی ایف کے ساتھ ایک ایسے نقطہ نظر پر کام کر رہے ہیں جو مکمل انضمام کو یقینی بنائے۔شامی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اسعد الشیبانی نے میونخ میں واضح کیا کہ شام تقسیم کا شکار نہیں ہوگا۔ اس سے قبل امریکی وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ مارکو روبیو نے میونخ کانفرنس کے موقع پر اپنے شامی ہم منصب اسعد الشیبانی اور ایس ڈی ایف کے کمانڈر مظلوم عبدی سے ملاقات کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں