شاہراہوں کی تعمیر نو،ٹھیکیداروں نے سڑک کنارے ملنے کے ڈھیر لگا دئیے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹھیکیداروں نے شہر بھر کی مختلف شاہراہوں کی تعمیر کرنے کیلئے ”کولڈ ملنگ” کے تحت سڑکوں کو اکھاڑ دیا اور ملبہ اٹھانے کی بجائے سڑک کنارے اکٹھا کر کے چپ سادھ لی جسکی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا اور گاڑیوں کے ٹائر پنکچرز ہونے لگے۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد کی تعمیر وترقی کے حوالے سے بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت شہر کی متعدد سڑکوں کی تعمیر کے فنڈز جاری ہونے کے بعد ٹھیکیداروں نے کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی کے تحت لاری اڈا سے ہلال احمر چوک’ ٹھنڈی کھوئی روڈ باغ جناح’ عبدالرشید غازی (سابق جی ٹی ایس چوک) سٹیٹ بنک وزرعی یونیورسٹی روڈ کو اکھاڑ دیا اور سڑکوں سے اکھاڑا جانے والا ملبہ اٹھانے کی بجائے سڑک کنارے اکٹھا کر کے غائب ہو گیا۔ سڑک کنارے ملبے کے ڈھیر لگنے سے نہ صرف ٹریفک کی آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے بلکہ سڑک پر پڑے نوکیلے پتھروں کی وجہ سے گاڑیاں’ موٹرسائیکلیں پنکچرز ہونے لگیں۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی سڑکوں کو یکشمت توڑنے کی بجائے پلاننگ کے تحت سڑکوں کو اکھاڑا جائے تاکہ ٹریفک کا نظام بھی درست رہے اور سڑکوں کنارے پڑے ملبے کے ڈھیروں کو جلد اٹھوایا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں