شاہ گینگ کے مزید2شوٹر انجام کو پہنچ گئے،پولیس کی زیر حراست ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ روشن والا کے علاقہ کجلہ روڈ پر سی سی ڈی کیساتھ مبینہ پولیس مقابلہ میں شاہ گینگ کے مزید دو شوٹر اپنے انجام کو پہنچ گئے جبکہ تھانہ صدر کے علاقہ اعوان والی پلی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں زیرحراست ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی مدینہ ڈویژن کے انچارج سب ا نسپکٹر علی اکرام گورائیہ اور ان کی ٹیم نے کھڈیاں وڑائچاں کے قریب کجلہ روڈ پر ناکہ لگا رکھا تھا کہ اسی دوران دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4مشکوک افراد کو روکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، سی سی ڈی ٹیم نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے ریسکیو15 پر مقابلہ کی اطلاع کی تو تھانہ روشن والا کے ایس ایچ او’ ایلیٹ فورس سمیت پولیس نے بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور کافی دیر تک ڈاکوئوں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ فائرنگ رُکنے پر پولیس نے دیکھا تو دو ڈاکو زخمی حالت میں پڑے تھے جن کی شناخت عطاء عرف اے ٹی کھرل ولد اسحاق سکنہ 715 گ ب کمالیہ اور صدام ولد نسیم سکنہ نصیرآباد کے ناموں سے ہوئی جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مرنے والے دونوں ڈاکوئوں کا تعلق گلفام شاہ گینگ سے بتایا جاتا ہے اور وہ گزشتہ روز 78گ ب میں پولیس مقابلہ کے دوران مارے جانیوالے شاہ گینگ شوٹر عمران عرف مانی کو چھڑانے والوں میں بھی شامل تھے۔ آج مرنے والے دنوں شوٹر قتل ڈکیتی’ قتل’ اقدام قتل’ بھتہ خوری سمیت درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ جبکہ دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ تھانہ صدر کے علاقہ اعوان والی پلی کے قریب ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق چوکی انچارج خانوآنہ اے ایس آئی غلام عباس عملہ کے ہمراہ ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث زیرحراست ملزم نور ولد نواز کو برآمدگی کے بعد واپس آ رہے تھے کہ جب وہ اعوان والی پلی بجانب کھڈیاں وڑائچاں کے قریب پہنچے تو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان پولیس وین پر فائرنگ کر کے ساتھی نور کو چھڑوا کر فرار ہو گئے۔ جسکی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ صدر نے ایلیٹ ٹیم پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر ڈاکوئوں کا تعاقب کیا۔ اعوان والی پلی کے قریب آمنا سامنا ہونے پر ڈاکوئوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر دیکھا تو ڈکیت نور جو کہ اپنے ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے مضروبی کی حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ تاہم پولیس نے زخمی ڈاکو کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں