ممبئی (سپورٹس نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کر دی۔بھارتی بلے باز شبمن گل کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ بابر اعظم دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔رینکنگ کے مطابق بھارتی کپتان روہت شرما نے دو درجے ترقی پا کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ جنوبی افریقہ کے ہینرک کلاسن چوتھے اور ویرات کوہلی پانچویں نمبر پر ہیں۔ بولرز میں سری لنکا کے مہیش تھیکشانہ پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر شاندار کارکردگی کے بعد چھٹے سے دوسرے نمبر پر آ گئے۔ بھارتی اسپنر کلدیپ یادیو نے تین درجے ترقی کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جنوبی افریقہ کے کیشو مہراج چوتھے اور نامیبیا کے برنارڈ اسکالٹز پانچویں نمبر پر آ گئے۔ قومی فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نویں نمبر پر موجود ہیں۔
