شب برأت آج

لاہور (بیوروچیف) آج شب برأت ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، اس موقع پر مساجد میں خصوصی شب بیداری، نوافل اور دعائوں کااہتمام کیا گیا ہے جبکہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اسی مناسبت سے مختلف صوبوں میں تعلیمی ادارے بھی بند رکھے گئے ہیں۔شبِ برأت کو لیلة المبارکہ اور لیلة الرحمة بھی کہا جاتا ہے۔ دینی روایات کے مطابق یہ رات مغفرت، بخشش اور جہنم کی آگ سے نجات کی رات ہے، جس میں مسلمان اللہ تعالی کے حضور سجدہ ریز ہو کر اپنے گناہوں کی معافی طلب کرتے اور آئندہ نیکی کی زندگی گزارنے کا عہد کرتے ہیں۔اس موقع پر لاہور سمیت مختلف شہروں میں داتا دربار، بادشاہی مسجد اور دیگر بڑی مساجد کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ نفلی عبادات کے ساتھ بڑی تعداد میں لوگ اپنے مرحومین کی قبروں پر حاضری دے رہے ہیں، قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے ذریعے ایصالِ ثواب بھی کیا جا رہا ہے۔ کئی افراد شبِ برات کے احترام میں نفلی روزہ بھی رکھ رہے ہیں۔شبِ برات کے پیش نظر ملک بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔وزیرداخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے صوبے بھر میں سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ لاہور پولیس کے مطابق شہر بھر میں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر ایلیٹ فورس بھی تعینات کی گئی ہے۔شبِ برات کے موقع پر سندھ بھر کے تمام سرکاری و نجی سکول اور کالجز میں بدھ 4 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جو اسٹیئرنگ کمیٹی تعلیم کے فیصلے کے تحت نافذ العمل ہے۔اسی طرح پنجاب حکومت نے بھی شبِ برات کے موقع پر بدھ 4 فروری کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔شبِ برات کے موقع پر ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبہ عروج پر ہے اور اہلِ ایمان اس بابرکت رات کو عبادت، توبہ و استغفار اور دعا میں گزار رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں