شب معراج آج مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائی جائیگی

لاہور(بیوروچیف) رحمتوں اور برکتوں والی رات شبِ معراج آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔(سرلامکاں سے طلب ہوئی۔ سوئے منتہی وہ چلے نبی۔ کوئی حد نہ ان کے عروج کی۔۔۔ بلغ العلی بکمالہ) شب معراج کے موقع پر ملک بھر میں مساجد کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا جاتا ہے، اس شب مساجد میں چراغاں، خصوصی محافل اور عبادات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں علمائے کرام اور مقررین واقعہ معراج اور اس کی فضلیت پر روشنی ڈالیں گے۔محفل معراج النبی میں نعت خواہاں حضور اکرمۖ کی شان مبارک میں ہدیہ عقیدت و نعت پیش کریں گے۔یاد رہے کہ 27رجب المرجب کی شب نبی آخرالزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو معراج کا شرف عطا کیا گیا، جب حضرت جبرائیل براق لے کر سرکار دو عالمۖ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی اے اللہ کے رسولۖ، آپ کا رب آپ سے ملاقات چاہتا ہے۔اس مقدس سفر کیلئے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم براق پر سوار ہوئے، آپۖ مکہ سے مسجد اقصی گئے اور وہاں تمام انبیائے کرام کی نماز کی امامت فرمائی، پھر آپ کو آسمانوں میں اللہ تعالی سے ملاقات کرانے کیلئے لے جایا گیا، وہاں رسول اکرمۖ کو جنت اور دوزخ بھی دکھائی گئی، اسی سفر میں نماز بھی فرض ہوئی، امت مسلمہ کیلئے معراج النبیۖ کا سب سے بڑا تحفہ نماز ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں