لاہور (بیوروچیف) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ12سے24گھنٹوں کے دوران طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ، وسطی و جنوبی پنجاب، اور شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں اکثر مقامات پر تیز ہواں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔شہر لاہور میں اس وقت مطلع صاف ہے تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر 3 بجے کے بعد موسم میں تبدیلی آ سکتی ہے اور شہر میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 91 فیصد تک جا سکتا ہے۔شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ کورنگی، مہران ٹان، قیوم آباد، ڈیفنس، بلوچ کالونی، محمود آباد، جناح ٹرمینل، یونیورسٹی روڈ، قائد آباد، ملیر، لانڈھی، بہادر آباد، طارق آباد، سرجانی اور نارتھ کراچی میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں درمیانی سے موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ بارش کے باعث شہر کے بعض نجی اسکولوں میں آج تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں۔ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری تک جا سکتا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ جنوب مغرب سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہوئی۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق پنجاب کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں بارش کا امکان ہے جن میں گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، راجن پور، ملتان، مظفرگڑھ اور ڈی جی خان شامل ہیں۔ سندھ کے اضلاع ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، عمر کوٹ، حیدرآباد، کراچی، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور دادو میں بھی طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے علاقوں ژوب، لورالائی، سبی، خضدار، بارکھان اور لسبیلہ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں سیلاب، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور عوام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔



