شدید بارشیں ،وزیراعظم کے سیاسی قائدین سے رابطے

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ملک بھر میں مون سون کی شدید بارشوں و سیلابی صورتحال کے حوالے سے سیاسی قائدین سے رابطہ۔ وزیراعظم نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ کیا اور جنوبی سندھ بالخصوص کراچی میں موسلادھار بارش، شہری سیلاب اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے حکومت سندھ کی ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی گئی۔ وزیراعظم نے چیئر مین این ڈی ایم اے کو سندھ حکومت سے مکمل رابطے میں رہنے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے اور لوگوں کو ممکنہ خطرات کی پیشگی آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن اور وزیر وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فون پر رابطہ بھی کیا۔ وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی نے خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے بارشوں وسیلاب کے دوران الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے ریسکیو وامدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے اقدام کی تعریف کی۔ وزیراعظم اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے مابین سندھ میں حالیہ بارشوں وسیلابی صورتحال اور متوقع بارشوں کے ممکنہ خطرات کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے و دیگر وفاقی اداروں کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں