شدید سردی کاامکان الرٹ جاری کر دیا گیا

لاہور /اسلام آباد (بیوروچیف) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں شدید سردی کی لہر کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں دھند اور فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ شہر میں پانچ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جس کے باعث سردی زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران لاہور کا موسم سرد اور خشک رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور ایک بار پھر خطرناک صورتحال سے دوچار ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے مطابق لاہور آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے جہاں مجموعی شرح 205 ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے۔ اقبال ٹان میں آلودگی کی شرح 231، ماڈل ٹان میں 211، ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 195، سول سیکرٹریٹ میں 186، کینٹ میں 185 اور چمن پارک میں 182 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح عسکری ٹین میں آلودگی کی شرح 170 جبکہ گلبرگ ٹو میں 164 ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز اور ماسک کے استعمال کا مشورہ دیا ہے، خصوصا بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن بھر 9 میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بعض علاقوں میں صبح اور رات گئے ہلکی دھند پڑنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید سردی کی لہر کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، پوٹھوہار اور شمالی بلوچستان میں شدید سردی کا امکان ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں کوئٹہ، زیارت اور قلات سمیت شمالی بلوچستان میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شدید سرد موسم کے باعث سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مزید برآں سخت موسمی حالات کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس پر کاشتکاروں کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ ممکنہ شدید دھند کے باعث میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے، لہٰذا شہریوں کو سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں