شدید گرمی کی لہر’ الرٹ جاری

لاہور (بیوروچیف) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے اور ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر 20مئی سے 24مئی تک کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر مکمل تیاری رکھیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن، ہیلتھ، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122اور دیگر اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔پنجاب کے میدانی علاقوں اور بڑے شہروں میں درجہ حرارت معمول سے 5سے 7ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے کا امکان ہے جبکہ کچھ مقامات پر تیز ہوائوں اور آندھی کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق الرٹ کر دیا گیا ہے۔عوامی مقامات پر صاف پانی کی فراہمی اور ہسپتالوں میں ابتدائی طبی امداد کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ہیٹ سٹروک سے بچائو کے لیے موبائل ہیلتھ یونٹس کو بھی فعال کیا جا رہا ہے۔دوپہر کے وقت غیر ضروری کام سے گریز کریں۔ ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔بچوں، بزرگوں اور کمزور افراد کا خاص خیال رکھا جائے۔غیر ضروری سفر سے پرہیز کیا جائے۔ پی ڈی ایم اے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1129یا ریسکیو 1122سے فوری رابطہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں