ممبئی (شوبز نیوز) بھارتی اداکارہ شروتی ہاسن بغیر اپ ڈیٹ4گھنٹے کی تاخیر پر نجی ایئرلائن پر بھڑک گئیں۔بھارتی نجی ایئرلائن انڈی گو کی فلائٹ4گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوئی تو شروتی ہاسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اسے آڑے ہاتھوں لے لیا۔شروتی ہاسن کو حال ہی میں فلائٹ میں 4 گھنٹے کی تاخیر کے باعث مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، ایک پوسٹ میں اداکارہ نے غصے کا اظہار کیا۔اداکارہ نے کہا کہ ایئرلائن کو فلائٹ میں تاخیر سے متعلق اپ ڈیٹ فراہم کرنا چاہیے تھا، اس کے لیے کوئی بھی طریقہ اختیار کیا جاسکتا تھا، میں اور دیگر مسافر 4 گھنٹے ایئرپورٹ میں پھنسے رہے۔انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ میں عام طور پر شکایت کرنے والی نہیں ہوں لیکن آج ایئرلائن نے لوگوں میں افراتفری پیدا کردی، ہم 4 گھنٹے سے بغیر کسی معلومات کے ہوائی اڈے میں پھنسے ہوئے ہیں۔اداکارہ کی پوسٹ کو کئی سوشل میڈیا صارفین نے آگے پھیلایا تو ایئرلائن کو اپنی کسٹمر سروس کی مدد لینی پڑی۔ایئرلائن نے شروتی ہاسن کی پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ممبئی میں موسم کی خرابی کی وجہ سے تاخیر ہوئی، جس کی وجہ سے آپریٹنگ ہوائی جہاز کی آمد متاثر ہورہی ہے۔بھارتی نجی ایئرلائن نے مزید کہا کہ محترمہ شروتی ہاسن، ہمیں فلائٹ میں تاخیر سے پہنچنے والی تکلیف پر دلی افسوس ہے، ہم بخوبی سمجھتے ہیں کہ انتظار اگر بڑھ جائے تو کتنا تکلیف دہ ہوسکتا ہے۔ایئرلائن نے یہ بھی کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ آپ سمجھ گئی ہوں گی کہ جو کچھ ہوا وہ ہمارے قابو سے باہر ہے، ہم یقین دلاتے ہیں کہ ایئرپورٹ پر موجود صارفین کی مدد کی جائے گی اور ان کے آرام کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
10