42

شعبہ صحت میں چینی ماڈل اپنائینگے،مریم نواز

لاہور (بیوروچیف) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دورہ چین مضبوط باہمی تعلقات اور ترقی کیلئے مشترکہ عزم کا حقیقی عکاس ہے، لیڈر شپ اور کمپنیوں سے تبادلہ خیال ثمر آور ہوگا۔ پہلاسرکاری دورہ چین کا کیا ہے ،چینی قیادت کی طرف سے گرمجوشی اور شاندار مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ چین میں پنجاب انویسٹمنٹ کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ دورہ چین سے معلوم ہوا کہ دونوں اطراف میںسٹرٹیجک تعاون کو مضبوط کرنے کی شدید خواہش موجود ہے۔چین کی ترقی کرتی ہوئی صنعت قابل تقلید ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ اور باصلاحیت قیادت کو سلام پیش کرتی ہوں۔چین کی حکومت کی سیاسی بصیرت اور ترقی مشعل راہ ہے۔ پاکستان اور چین کے دہائیوں پرانے مضبوط اور برادرانہ تعلقات بلندی کی طرف گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ دورہ چین حکومت پنجاب کا چین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ چین کی شاندار کامیابیوں ،تیز تر ترقی کا قریبی مشاہدہ اعزاز اور خوشی کا باعث ہے۔چین نے دنیا کے لیے ترقی کے منفرد اور انوکھے ماڈل پیش کیے ہیں جو قابل مطالعہ اور قابل غور ہیں۔ چین کاسیاسی فلسفہ اور پولیٹیکل سنٹرلائزیشن سٹرٹیجک سمت کے تعین کی منفرد مثال ہے۔ چینی اقتصادی پالیسی گورننس اسٹرکچر کو عملی جامہ پہناتی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کا”مشترکہ تقدیر، مشترکہ خوشحالی ”کا فلسفہ سرحدوں سے ماورا انسانی اقدار پر مبنی ہے۔ چینی عوام عسکری طاقت کے ذریعے نہیں بلکہ انسانیت کی بھلائی اور مددسے دنیا کے دل جیت رہے ہیں۔ پاکستان اور چین کی شراکت داری ہرسرد وگرم موسم میں مضبوط رہی ۔دورہ چین پہلا سرکاری غیر ملکی سفر ہے جو چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ زراعت، صحت، مالیات، آٹوموبائل، آئی ٹی، سیمی کنڈکٹرز، اور روبوٹکس کمپنیوں کے بزنس ایگزیکٹوز سے ملاقات کا موقع ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ادارے چینی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کر کے بے حد فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔چین میںسرمایہ کاروں کے لئے خصوصی پیکج کے ساتھ آئی ہوںجس میں چینی کاروباری اداروں کے لیے خصوصی مراعات شامل ہیں۔چینی کمپنیوں نے نہایت مثبت ردعمل دیا،کچھ کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔دورہ چین پنجاب میں سرمایہ کاری اور چینی کاروباری اداروں کے ساتھ ممکنہ مشترکہ منصوبوں کی بنیاد رکھے گا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ دورہ چین پنجاب کیلئے تاریخ کا ایک اہم موڑ ہے۔پنجاب انویسٹمنٹ کانفرنس ایک بڑی کامیابی ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چینی ہسپتالوں میں جدید طریقہ علاج کے مشاہدے نے صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔صحت کے شعبے میں چینی ہسپتالوں اور ہیلتھ ماڈل کو اپنایا جائے گا۔قابل تجدید توانائی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔پنجاب میں سولر پینل مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کے منصوبے سے روایتی توانائی کے ذرائع پر انحصار کم ہوگا۔ سولر انرجی سے شہری ودیہی علاقوں کوپائیدار توانائی کے آپشنزمیسرہوں گے۔چینی شراکت داروں کے ساتھ کلین انرجی کو مزید سستا اور قابل رسائی بنانے کے لیے اقدامات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں