شکستہ حال سڑک،ابلتے گٹر کالج روڈ مدینہ ٹاؤن کی پہچان بن گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شکستہ حال سڑک’ کوڑا کرکٹ’ ابلتے گٹر پوش علاقہ کالج روڈ مدینہ ٹائون کی پہچان بن گئے، شہریوں اور جی سی وومن یونیورسٹی کی طالبات کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا’ ارباب اختیار نے چپ سادھ لی۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے پوش علاقہ کالج روڈ مدینہ ٹائون کی واسا’ ایف ڈبلیو ایم سی اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث صورتحال انتہائی ابتر ہے، علاقہ کی سڑک عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جگہ جگہ گہرے گڑھے پڑے ہوئے ہیں’ سیوریج کا نظام بھی ناکارہ ہو چکا ہے، ہر وقت گٹر ابلتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے بدبودار سیوریج کا پانی سڑک پر جمع رہتا ہے، اکثر گٹروں کے ڈھکن غائب ہیں’ حادثات معمول بن چکے ہیں، وومن یونیورسٹی کی طالبات اور شہریوں کو آمدرفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے علاقہ میں صفائی کا بھی ناقص ترین نظام ہے، جگہ جگہ کوڑا کرکٹ بکھرا پڑا ہے، ایسے لگتا ہے جیسے عملہ صفائی نے اس علاقہ کا کبھی رخ ہی نہیں کیا مگر واسا’ ایف ڈبلیو ایم سی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے مکمل طور پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، شہری حلقوں نے ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقہ میں سیوریج’ صفائی ستھرائی کا نظام درست اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک کو مرمت کروایا جائے تاکہ اہل علاقہ سکھ کا سانس لے سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں