29

شکست خوردہ بھارتی سیاسی وعسکری قیادت کی اشتعال انگیزیاں (اداریہ)

معرکہ حق میں ذلت آمیز رسوائی کے باوجود انتہاء پسند مودی حکومت اور ان کی شکست خوردہ افواج کا جنگی جنون برقرار ہے، بھارتی سیاسی وعسکری قیادت کی گیدڑ بھبھکیاں بھی جاری ہیں اور اس نے آپریشن سندور میں منہ کی کھانے کے باوجود آپریشن سندور ٹو کا اشارہ دیدیا ہے، بھارت عالمی سطح پر شرمندہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے اور اقتدار پر قابض مودی نے حسب روایت بہار انتخابات سے قبل پاکستان دشمنی کا سہارا لے لیا جبکہ بھارت کی شکست خوردہ عسکری قیادت کے حالیہ بیانات نے خطے کے امن کو دائو پر لگا دیا ہے، بھارت کی سیاسی وعسکری قیادت کی گیدڑ بھبھکیاں دراصل معرکہ حق میں ہونے والی ان کی ذلت آمیز شکست کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے، پاکستان نے بھارتی ہرزہ سرائی پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں، جنوبی ایشیاء میں امن واستحکام کو شدید خطرات لاحق اور اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، ترجمان پاک فوج نے بھارتی سکیورٹی اداروں کی قیادت کے غیر حقیقی’ اشتعال انگیز اور جنگی جنون پر مبنی بیانات پر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی مہم جوئی کا جواب ہولناک ہو گا، لگتا ہے کہ وہ اپنے لڑاکا طیاروں کے ملبے کو بھول گیا، اس بار دور دراز بھارتی علاقوں کو نشانہ بنائیں گے، آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بھارت ایک بار پھر جارحیت کے من گھڑت بہانے تراشنے کی کوشش کر رہا ہے، ایسے بیانات جنوبی ایشیاء میں امن واستحکام کیلئے سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں، ترجمان پاک فوج نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں سے بھارت نے خود کو مظلوم اور پاکستان کو منفی انداز میں پیش کرنے کا فائدہ اٹھایا ہے، درحقیقت بھارت جنوبی ایشیاء اور اس سے آگے تک تشدد کو ہوا دینے اور دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث رہا ہے، آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ بھارت کا یہ بیانیہ اب پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے، آج دنیا بھارت کو سرحد پار دہشت گردی اور خطے میں عدم استحکام کے مرکز کے طور پر تسلیم کرتی ہے، بھارتی عسکری قیادت کی گیدڑ بھبھکیوں کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے بھارت کو خبردار کر دینا ضروری تھا کہ وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ویسے تو بھارت کی سیاسی اور عسکری قیادت کو معرکہ حق کا سبق نہیں بھولنا چاہیے، بھارت اگر اشتعال انگیزی سے اجتناب نہیں کرتا تو پاک وطن کے محافظین بھی پرعزم ہیں کہ ہم پوری قوت اور صلاحیت کے ساتھ کسی قسم کی ہچکچاہٹ یا پابندی کے بغیر جواب دینگے، جو نیا نارمل قائم کرنے کی بات کر رہے ہیں، پاکستان نے اس کا بھرپور جواب تیار کر لیا ہے، پاکستان کا ردعمل تیز وفیصلہ کن اور تباہ کن ہو گا، پاک افواج اور عوام میں ہر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنیکی صلاحیت اور عوام میں ہر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنیکی صلاحیت اور عزم موجود ہے، بھارت کے جغرافیائی تحفظ کا وہم اس بار توڑ دیا جائیگا، پاکستان دشمن کی سرزمین کے دور دراز حصوں کو بھی نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، بھارت پاکستان کو مٹانے کی بات کر رہا ہے تاہم یہ یاد رکھے کہ اگر نوبت وہاں تک پہنچی تو دونوں اطراف انجام یکساں ہو گا، ترجمان پاک فوج کی باتیں حقیقت پر مبنی ہیں، بھارت کو یہ بھی ذہن نشین رکھنا چاہیے کہ اگر اس نے جارحیت کی تو ہمیشہ کی طرح پوری پاکستانی قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ ہو گی اور دشمن کو وہ سبق سکھایا جائے گا جسے وہ کبھی بھول نہیں سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں