شہداء پولیس کے ورثا کیلئے پیکج کی منظوری

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے شہیدپولیس ملازمین کے ورثاء کیلئے پیکیج کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت11پولیس شہدا کے اہلخانہ کو گرانٹ اور گھر فراہم کیے جائینگے۔وزیر قانون پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں اجلاس ہوا جس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد، ڈی آئی جی سپیشل برانچ سید خرم علی، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر زیشان حنیف اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں شہید پولیس اہلکاروں کے لئے گرانٹ کی منظوری دی گئی، جن میں شہید اے ایس آئی نذیر احمد، اے ایس آئی محمد نواز، کانسٹیبل ارشد، ضیا اختر، محمد خلیل، عابد علی، محمد احسان، محمد مبشر بلال، انسپکٹر محمد افضل، کانسٹیبل محمد سہیل اور سید طاہر رضا شامل ہیں۔پولیس شہدا کے پیکیج ٹو کے تحت گرانٹ اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ شہید کانسٹیبل کی فیملی کو 40لاکھ روپے کی گرانٹ اور گھر کے لیے 1کروڑ 89لاکھ روپے ملیں گے، جبکہ شہید اے ایس آئی کی فیملی کو 50لاکھ روپے کی گرانٹ اور گھر کے لیے 2کروڑ 45لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ شہید انسپکٹر کی فیملی کو 60لاکھ روپے کی گرانٹ اور گھر کے لیے 3کروڑ 50لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے اہلخانہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں