شہداء پولیس ہمارا فخر،قربانیاں فراموش نہیں کرینگے،وزیراعظم

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم شہباز شریف نے پولیس کے بہادر افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 8ہزار سے زائد پولیس کے افسران و جوانوں نے ارض وطن کی خاطر اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا، پولیس کے جوان ملک کے کونے کونے میں امن و امان کے قیام کیلئے موسمی حالات کی پرواہ کئے بغیر اپنے پیاروں سے دور فرض کی ادائیگی میں سرگرم عمل رہتے ہیں اور اپنی جانوں کو نذرانہ پیش کرتے ہیں، آج کے دن ہم اپنے شہدا کے ان عظیم اہل خانہ کو بھی سلام کرتے ہیں جو ہماری خاطر اپنا مستقبل قربان کرتے ہیں۔یوم شہداء پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں 8ہزار سے زائد پولیس کے افسران و جوانوں نے ارض وطن کی خاطر اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا اور بطور فرنٹ لائن دفاعی فورس اپنے بچوں کو یتیم کرکے ملک کے لاکھوں بچوں کو یتیمی سے بچایا،حال ہی میں رحیم یار خان میں ڈاکوئوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے الیٹ فورس کے 5جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، ان شہدا سمیت پولیس کے ہزاروں شہدا ہمارا فخر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پولیس نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا پوری دنیا میں لوہا منوایا اور حال ہی میں ورلڈ پولیس سمٹ 2025میں بین الاقوامی سطح پر جیتے گئے میڈل و ایوارڈز اس چیز کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شہری امن و امان کے قیام و جرائم کی مثر روک تھام کیلئے پولیسنگ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال خوش آئند ہے جس سے شہریوں کی حفاظت مزید موثر اور یقینی بنائی جا سکے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ چاروں صوبوں میں انسداد دہشتگردی فورسز کے قیام، افواجِ پاکستان و رینجرز کے ساتھ مشترکہ کاروائیوں و تعاون، قدرتی آفات و دیگر ہنگامی صورتحال میں پولیس کا کردار کلیدی رہا ہے جس کی بدولت شہریوں کا پولیس کے حوالے سے نقطہ نظر بہتر اور پولیس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں پولیس نے دہشتگردی کی جنگ میں سینکڑوں آپریشنز کے ذریعے دشمن کے پاکستان میں بد امنی اور شر انگیزی کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، گوادر کے ساحلوں سے گلگت بلتستان کے فلک بوس پہاڑوں تک ملک کی حفاظت پر مامور پولیس کا ہر افسر جوان مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں