شہریوں نے چور کو پکڑ لیا، پولیس کی پہنچنے میںتاخیر

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)چور پکڑا گیا، پولیس نہ پہنچی، چوکی سبزی منڈی سدھار کے اہلکاروں کی غفلت۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ایئرپورٹ کے علاقہ 245ر ب عباس میں واقع گورنمنٹ پرائمری سکول میں شہریوں نے چوری کی واردا ت ناکام بناتے ہوئے چور کو رنگے ہاتھوں دبوچ لیا، تاہم متعدد بار 15پر کال کرنے کے باوجود چوکی سبزی منڈی پولیس تاخیر کا شکار رہی۔ چور سکول سے پمپ اتار کر لے جا چکا تھا۔ اور مزید سامان لے کر جانے کی تیاری کر رہا تھا کہ موقع پر موجود شہریوں اور اسکول اسٹاف نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، مگر طویل انتظار کے باوجود کوئی اہلکار نہ پہنچا۔سکول انتظامیہ نے جب ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کے نمائندہ شاہد مقرب سے رابطہ کیا تو انہوں نے فوری طور پر چوکی انچارج سبزی منڈی سدھار سے بات کی، جس پر ان کا موقف تھا کہ “گھر پر سویا ہوں، محرر کو کال کریں”۔ بعد ازاں محرر سے رابطہ کیا گیا مگر وہ بھی سوئے ہوئے تھے اور دیر بعد اہلکار بھیجنے کا وعدہ کیاتاہم پولیس پھر بھی بروقت نہ پہنچی۔عینی شاہدین کے مطابق”صبح سویرے سے لے کر گھنٹوں انتظار کے باوجود پولیس اپنی روایتی سستی کے باعث موقع پر نہ پہنچی، جس سے شہری شدید مایوس ہوئے۔”بالآخر پولیس اہلکار کئی گھنٹوں انتظار کے بعد آئے اور شہریوں کے قبضے میں موجود چور کو اپنی تحویل میں لے لیا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سکول میں اس سے پہلے بھی پمپ اور پنکھے چوری ہونے کی متعدد وارداتیں ہو چکی ہیں، مگر پولیس کی جانب سے کوئی موثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ چوکی انچارج سبزی منڈی سدھار اور ڈیوٹی میں غفلت برتنے والے تمام اہلکاروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسی غفلت نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں