شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنا مریم نواز کی ترجیحات میں سرفہرست ہے،سلطان باجوہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائوسنگ ،اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بیرسٹر سلطان باجوہ نے جھال خانوآنہ میں جائیکا پراجیکٹ کا دورہ کیا اور اس کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ ہائوسنگ پنجاب وقاص ظفر چوہدری، مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی نمائندگی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ثاقب رضا نے کی جبکہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید، پراجیکٹ ڈائریکٹر علی احمد و دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر سلطان باجوہ نے کہا ہے کہ پینے کا پانی انسانی بقا ہے اور شہریوں کو پینے کا مصفا پانی فراہم کرنا وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔ جائیکا کے تعاون سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی انسٹالیشن ایک انقلابی پراجیکٹ ہے جو اب مکمل کر لیا گیا ہے جس سے شہر کے مشرقی حصے کی 2لاکھ سے زائد آبادی کو پانی فراہم کیا جائے گا جو انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہے جس پر پنجاب حکومت جائیکا کے شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا فیصل آباد کے زیر انتظام ترقیاتی سکیموں کے لئے سی ایم پیکج کے 11ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور ان ترقیاتی سکیموں کے آغاز کے مراحل شروع ہو چکے ہیں اور پنجاب حکومت سے فنڈز کی منظوری جلد سے جلد کروانے کی کوشش کریں گے۔ بیرسٹر سلطان باجوہ نے واضح کیا کہ واسا فیصل آباد کی جانب سے سالانہ مالی سال کے لئے جتنے فنڈز کی ڈیمانڈ کی ہے اس کے مطابق فنڈز کے اجرا کی یقیں دہانی کرواتے ہیں ۔ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ثاقب رضا نے جائیکا پراجیکٹ سمیت دیگر فارن فنڈڈ پراجیکٹ بارے انہیں تفصیلی بریفنگ دی جسے انہوں نے سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں