شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں،آصف چوہدری کاFDAافسران کو حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے حکم دیا ہے کہ شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اس سلسلے میں سرکاری فرائض کی ادائیگی میں پہلو تہی قطعا برداشت نہیں کی جائے گی۔ وہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سن رہے تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے شہریوں سے درخواستیں وصول کیں اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔ انہوں نے درخواست دہندگان کو بتایا کہ تیز رفتار سروس ڈیلیوری کے لئے ایف ڈی اے کے انتظامی امور کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا گیا ہے اور ہمہ نوعیت کی ان اصلاحات کی بدولت ریئل ٹائم میں جائیدادوں کے اونرشپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس، ٹی پی رپورٹس قبضہ سلیپس کے اجرا و دیگر دفتری امور میں مستعد انداز میں ریلیف کی فراہمی کے قابل ہوئے ہیں جبکہ روایتی طریقہ کار کو ترک کر کے مختلف واجبات اور فیسوں کی وصولی کے لئے ای چالان سسٹم رائج ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے ”ای بز پنجاب” پورٹل کے ذریعے رہائشی و کمرشل بلڈنگ پلان کی منظوری، زمینوں کے استعمال میں تبدیلی اور ایف ڈی اے سے متعلقہ دیگر کاروباری اجازت نامے تیز رفتاری سے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے شہریوں کے بعض مسائل کے فوری حل کے لئے متعلقہ افسران کو فون پر ہدایات جاری کیں اور کہا کہ تجاوزات، غیر قانونی ہاسنگ سکیموں، ناجائز تعمیرات اور قبضہ مافیہ کے خلاف آپریشن مسلسل جاری رہنا چاہیئے۔ انہوں نے افسران کو سختی سے کہا کہ وہ ایف ڈی اے کی پراپرٹی/ اثاثہ جات کی حفاظت کو یقینی بنائیں اس ضمن میں نگرانی میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں