شہریوں کے مسائل میں تاخیر کرنیوالے سٹاف کا محاسبہ ہوگا،ڈی جی ایف ڈی اے آصف چوہدری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ شہریوں کے مسائل حل میں تاخیر کرنے والے سٹاف کا سخت محاسبہ ہوگا لہذا دیانتداری اور نیک نیتی سے درخواست کو تیز رفتار ریلیف فراہم کریں۔ وہ اپنے دفتر میں حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت لوگوں کے مسائل سن رہے تھے۔ مختلف شعبوں کے انچارج افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے ان کی درخواستوں پر احکامات جاری کئے اور کہا کہ تیز رفتار سروس ڈیلیوری کے لئے پر عزم ہیں اس سلسلے میں سروسز کے معیار اور شعبہ جاتی کارکردگی میں مزید اضافہ کرنے کے لئے جدید اصلاحات پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے بتایا اونر شپ کلیئرنس سرٹیفیکٹ کے رئیل ٹائم اجرا کے حوالے جدید دفتری انتظامات کامیابی سے جاری ہیں جو کہ ایف ڈی اے کا طرہ امتیاز ہے جبکہ مربوط نظام کے تحت مختلف درخواستوں پر شعبہ جاتی رپورٹس بھی اب آن لائن ہوں گی جس کی بدولت ٹائون پلاننگ رپورٹ، نقشہ جات کی منظوری اور مختلف این او سی کے اجرا سمیت دیگر مختلف نوعیت کے دفتری امور کی انجام دہی میں تیز رفتار اقدامات ہوں گے۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کے سٹاف کو طلب کرکے بعض درخواست گزاروں کو موقع پر ہی ریلیف فراہم کیا اور کام میں تاخیر پر متعلقہ سٹاف کی سرزنش کی۔ انہوں نے تجاوزات، غیر قانونی کمرشلائزیشن، غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں، قبضہ مافیا، کچی آبادیوں کے مسائل اور دیگر نوعیت کی شکایات کا فوری نوٹس لیکر محکمانہ کارروائی کرنے کا حکم دیا۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے انچارج افسران کو تاکید کی کہ وہ اپنے شعبوں میں لوگوں کی زیر کارروائی درخواستوں کی پیش رفت کو روزانہ چیک کریں اور سٹاف کی کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں