شہری حدود سے مویشیوں کے انخلاء کا آپریشن تیز،نیا شیڈول جاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن’ کمشنر راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس کا ماتحت عملہ کے ہمراہ سرسبز وستھرا پنجاب کے تحت شہری حدود سے مویشیوں کے انخلاء کاآپریشن جاری’میونسپل کارپوریشن نے22 دسمبر تا31دسمبر تک شہری حدود سے مویشیوں کے نکالنے کا شیڈول جاری کر دیا۔ شیڈول کے مطابق 22 اور 23دسمبر کو چک نمبر 204رب’ 24 اور 25 دسمبر کو شمس آباد اور اس کے ملحقہ علاقے’ 26اور 27دسمبر کو بھائی والا اور ملحقہ آبادیوں اور 29 اور 30دسمبر کو گٹی میں آپریشن ہو گا۔ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس نے گزشتہ روز بھی محکمہ لائیوسٹاک’ پیرافورس’ ضلعی پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے عملہ کے ہمراہ عزیز ٹائون میں آپریشن کرتے ہوئے 170بھینسوں کو شہر سے باہر نکال کر ان کے باڑے مسمار کر دیئے۔ ڈپٹی چیف آفیسر عظمت فردوس کا کہنا ہے کہ شہری حدود میں جانوروں کی وجہ سے گلی’ محلوں میں گوبر اور فضلہ جمع رہتا ہے۔ جسکی وجہ سے نہ صرف تعفن پھیلتا ہے بلکہ شہری مختلف بیماریوں کا شکار بھی ہوتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ سیوریج سسٹم بھی متاثر ہوتا ہے اور حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں شہری حدود میں بڑے جانور مویشیوں کے رکھنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ انہوں نے نئے شیڈول میں شامل علاقوں میں اعلانات کروائے تاکہ شہری اپنے جانور ازخود شہری حدود سے نکال لیں ورنہ ان کے خلاف ایکشن ہو گا۔ باڑے مسمار اور جانوروں کی ضبطگی کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں