شہری سہولتوں کی بہتری کیلئے میونسپل کارپوریشن کا عملہ ذمہ داریاں پوری کرے

سرگودہا (بیوروچیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے میونسپل کارپوریشن سرگودہا کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے بلدیہ ملازمین کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور سی ای او ایم سی کو ہدایت کی کہ تمام افسران و ملازمین کی حاضری بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دفتر سے غیر حاضر یا کام سے بھاگنے والے ملازمین کو بردا شت نہیں کیا جائیگا، ایسے اہلکاروں کو ملازمت میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری سہولتوں کی بہتری کے لیے میونسپل کارپوریشن کا عملہ اپنی ذمہ داری پوری دیانتداری سے ادا کرے۔ یہ شہر ہمارا ہے، اس کی بہتری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سرگودہا کی لاکھوں آبادی میں سے آپ خوش نصیب لوگ ہیں جنہیں خدمتِ خلق کا موقع ملا ہے، اسے نیک نیتی سے پورا کریں۔اجلاس میں نجی ہسپتالوں کی پارکنگ کے ریگولرائزیشن کے حوالے سے اب تک کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر سرگودہا نے پیش رفت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف پریزنٹیشنز، جرمانے یا اعداد و شمار دکھانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، عوام کو زمینی سطح پر ریلیف ملنا چاہیے۔ انہوں نے سی او ایم سی کو ہدایت کی کہ تمام نجی ہسپتالوں کی انتظامیہ کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنی پارکنگ کو باقاعدہ ریگولرائز اور فعال بنائیں، ورنہ قانونی کارروائی سمیت دیگر آپشنز استعمال کیے جائیں گے۔ کمشنر نے کہا کہ جہاں ہسپتالوں کے پاس پارکنگ موجود ہے مگر اسے مؤثر انداز میں استعمال نہیں کیا جا رہا، وہاں گارڈز کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ شہر میں ٹریفک کا بہائو ہر حال میں بہتر ہونا چاہیے، ہسپتالوں کے باہر بدنظمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اب غیر اعلانیہ دورے کریں گے تاکہ شہر میں جاری صفائی، پارکنگ، سٹریٹ لائٹس اور ٹریفک کے نظام کو عوامی فیڈ بیک کی بنیاد پر خود دیکھ سکیں۔کمشنر نے ایم او انفراسٹرکچر کو ہدایت کی کہ شہر بھر کی سٹریٹ لائٹس کو فوری طور پر فعال بنایا جائے اور جہاں خراب لائٹس ہوں انہیں درست کیا جائے۔ انہوں نے شہر میں آوارہ کتوں کی موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم او ریگولیشن کو ہدایت دی کہ تلفی مہم کو تیز کیا جائے، ٹیموں کی تعداد بڑھائی جائے اور کارروائی عوام کو واضح طور پر نظر آنی چاہیے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن رائے محمد یاسر بھٹی، ایم او آر زویا بلوچ، ایم او فنانس صوبیہ اکرم، ایم او آئی حامد چٹھہ اور ایم او پی محمد اعجاز نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں