شہر میں نئے انڈر پاسز کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بڑھتی آبادی، گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ اور ٹریفک کے دباؤ کے پیش نظر فیصل آباد میں نئے انڈر پاسز کی تعمیر وقت کی اہم ترین اور فوری ضرورت ہے مختلف مقامات پر کم از کم گیارہ انڈر پاسز بنائے جانے سے ٹریفک کے مسائل حل ہو سکتے ہیں ان خیالات کا اظہارسابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اور سینئر سیاستدان رانا زاہد توصیف نے کیا انہوں نے کہا کہ ڈھڈی والا جڑانوالہ روڈ ، ریلوے اسٹیشن عبدالرشید غازی چوک ، چناب کلب چوک، بیرون ریل بازار گمٹی چوک، بیرون کچہری بازار چوک، بیرون چنیوٹ بازار، نڑ والا اڈہ، بیرون امین پور کوتوالی روڈ، قبرستان غلام محمد آباد، جناح کالونی چوک میں انڈرپاسز کی تعمیر لازم ہے۔ جبکہ دوسرے فیز میں نواحی علاقہ جات مثلاً ڈجکوٹ، پینسرہ، چک جھمرہ ، ستیانہ روڈ ، مکوآنہ، الائیڈ موڑ، اسماعیل روڈ، سرگودھا روڈ، کھرڑیانوالہ چوک، ملت چوک، وغیرہ میں انڈر پاسز تعمیر کر کے ٹریفک نظام میں بہتری لائی جا سکتی ہے انہوں نے کہا کہ ملک کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میںماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے الیکٹرو بسوں کا آغاز خوش آئند ہے مگر ٹریفک سسٹم میں بہتری لانے کیلئے فنڈز مختص کرنا ہوں گے اگر بالفرض مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انڈرپاسز تعمیر ہ کئے گئے تو آنے والے وقتوں میں فیصل آباد کے عوام کو نہایت مشکل ہو گی ایسے فلاحی منصوبوں کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے رانا زاہد توصیف نے اپنے بیان کے آخر میں مطالبہ کیا ہے کہ شکستہ سڑکوں کی تعمیر اور مختلف شاہراہوں پر عرصہ دراز سے خراب ٹریفک سگنلز کی درستگی کے لئے بھی منصوبہ بندی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں