شیخوپورہ روڈ پر گرینڈ آپریشن،تجاوزات کا صفایا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر کمشنر فیصل آباد مریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محترمہ عظمت فردوس نے اینٹی انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ شیخوپورہ روڈ پر گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے دکانوں کے باہر فٹ پاتھ پر رکھا جانے والا سامان اٹھا لیا اور سڑک پر ریڑھی چھابڑی فروشوں کو بھگا دیا جبکہ منصورآباد’ ڈگلس پورہ’ ریگل روڈ’ جھنگ بازار سمیت دیگر علاقوں میں دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کا سامان ضبط کر لیا۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں بلاامتیاز پختہ وعارضی تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ فیصل آباد کو اس کے قدرتی حسن پر بحال کر کے دم لینگے۔ شہر بھر میں زیروٹالرینس پالیسی کے تحت روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔ شہر بھر کے دکانداروں کو چاہیے کہ وہ دکانوں کے باہر فٹ پاتھ کو پیدل چلنے والوں کیلئے خالی رکھیں اور اپنا سامان دکانوں کے اندر رکھیں اگر کسی نے سامان دکانوں کے باہر رکھا تو وہ ضبط کر لیا جائے گا اور اسکے ساتھ ساتھ بھاری جرمانہ بھی ہو گا۔ گزشتہ روز محترمہ عظمت فردوس نے ماتحت انسداد انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ شیخوپورہ روڈ پر عارضی تجاوزات کرنے والوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے دکانوں کے باہر پڑا ہوا سامان اٹھا لیا جبکہ شاہراہوں پر کھڑے ریڑھی چھابڑی فروش بھاگ گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں