83

شیخ اعجاز کی سربراہی میں DBA وفد کی رانا ثناء اللہ سے ملاقات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر وسابق ایم پی اے شیخ اعجاز احمد ایڈووکیٹ کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے صدر میاں انوار الحق ایڈووکیٹ’ سیکرٹری رانا مرتضیٰ حکیم ایڈووکیٹ اور دیگر کے ہمراہ وزیراعظم پاکستان کے مشیر رانا ثناء اﷲ خاں ایڈووکیٹ سے ملاقات کرتے ہوئے انکو نئی ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ ڈسٹرکٹ بار کے وفد نے کہا کہ مشیر وزیراعظم پاکستان رانا ثناء اﷲ خاں نے ہمیشہ ڈسٹرکٹ بار کو اپنا گھر سمجھتے ہوئے بھرپور خدمت کی ہے اور مختلف پراجیکٹس کیلئے فنڈز فراہم کئے جسکے باعث ڈسٹرکٹ بار کے امور بخوبی چل رہے ہیں ان کی کاوشوں سے فیصل آباد بار میں پاسپورٹ آفس کے قیام سے وکلاء اور انکی فیملی کو گھر کی دہلیز پر سہولت مل رہی ہے۔ اس کے ساتھ نادرا کائونٹر کا اجراء بھی کروا دیں تاکہ شناختی کارڈز اور اس کے متعلقہ ایشوز بھی ”ڈور سٹیپ” پر حل ہو جائیں۔ ضلع کچہری میں پارکنگ پلازہ اور پرپوزڈ انڈرپاس کیلئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور ہائیکورٹ بنچ کے قیام کیلئے نئے عزم سے تحریک چلائی جائے۔ مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر شیخ اعجاز احمد ایڈووکیٹ’ صدر بار میاں انوارالحق ایڈووکیٹ’ سیکرٹری بار رانا مرتضیٰ حکیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ بار کے مسائل کے حل کیلئے راہنمائی فرمائیں جس پر رانا ثناء اﷲ خاں نے ڈسٹرکٹ بار کے صدر کو اختیار دیا کہ وہ ایک کمیٹی بنائیں جو ان سارے امور کو آگے بڑھائیں۔ شیخ اعجاز احمد ایڈووکیٹ اور میرے دیگر مسلم لیگی وکلاء ساتھی بطور میرے اور حکومتی پارٹی کے نمائندہ ہونے کے ناطے آپ کے ساتھ مکمل تعاون کرینگے۔ ہائیکورٹ بنچ کے قیام کے حوالے سے پہلے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور آئندہ بھی اپنی بار کے ساتھ دوقدم آگے بڑھ کر کام کرینگے۔ مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر شیخ اعجاز احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ میری خدمات چوبیس گھنٹے حاضر ہیں، بار کے شانہ بشانہ چل کر رانا ثناء اﷲ خاں کی قیادت میں ڈسٹرکٹ بار کے تمام مسائل حل کروانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں