2

شیخ فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے،میاں ادریس

فیصل آبا د (سٹاف رپورٹر)شیخ فائونڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے جبکہ آئندہ سالوں میں صحت اور تعلیم کیساتھ ساتھ دوسرے شعبوں کیلئے بھی خدمت کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائیگا۔ یہ بات شیخ فائونڈیشن کے سربراہ میاں محمد ادریس نے ایگزیکٹو کمیٹی کی ستارہویں میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں شیخ برادری کا حصہ برائے نام ہے لیکن ملکی معیشت میں ان کا کردار بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ان پر یہ ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ پسماندہ اور محروم طبقوں کی بہبود کیلئے دل کھول کر عطیات دیں اور اس کا آغا ز سب سے پہلے اپنی برادری سے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے شیخ فائونڈیشن کے بانیان شیخ مختار احمد آف ابراہیم گروپ، حاجی محمد بشیر احمد آف ستارہ اور شیخ محمد سعید آف آئیڈیل گروپ کی خدمت کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے خدمت خلق کی ایسی بنیا درکھی جو کئی سالوں سے مسلسل جاری ہے ۔ شیخ فائونڈیشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس برادری کے 697 طلبہ کو 90لاکھ روپے کی امداد مہیا کی جبکہ 2008 سے لیکر اب تک 13 کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں ۔ مستحق بچیوں کی شادی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس 96 بچیوں کی شادی پر 68 لاکھ روپے خرچ کئے گئے جبکہ اس سال دسمبر تک 1454 نا دار بچیوں کی شادی پر 8 کروڑ 93لاکھ روپے خرچ ہوئے جس میں کھانے کے علاوہ جہیز کے سامان کی رقم بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ہفتہ وارمیڈیکل کیمپوں کے ذریعے مستحق مریضوں کی بیماریوں کی تشخیص او را دویات کی فراہمی پر 11 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ فائونڈیشن کے سیکرٹریٹ میں ہر ہفتے میڈیکل کیمپوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ 2018 سے دسمبر 2025 تک ان کے ذریعے 15,160 مستحق مریضوں کے علاج معالجے پر 76لاکھ سے زائد کی رقم خرچ کی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال عزیز فاطمہ ٹرسٹ ہسپتال کے ذریعے 264 مستحق مریضوں پر 16 لاکھ سے زائد رقم خرچ ہوئی جبکہ سال دسمبر 2025 تک 1723 مریضوں پر 64لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ مستحقین کومالی امداد کے علاوہ بیوگان کوماہانہ وظائف بھی دیئے جا رہے ہیں جبکہ گزشتہ سال 62 مستحق ممبران کو 37 لاکھ روپے سے زائد کے بلاسود چھوٹے قرضے دیئے گئے جبکہ اب تک 1378 ممبران اس سکیم سے فائد ہ اٹھا چکے ہیں ۔ میاں محمد ادر یس نے بتایا کہ موٹر سائیکل سکیم بھی متعارف کرائی گئی ہے جس کے تحت 17 لاکھ سے 16 ممبران کو موٹر سائیکل مہیا کئے گئے ۔انہوں نے دیگر فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ دسمبر 2025 تک شیخ فائونڈیشن کے ممبران کی تعداد 6548 تک پہنچ چکی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ آمدہ رمضان المبارک کے دوران 55971 راشن پارسل، 79510 مردانہ اور زنانہ سوٹ جبکہ 7260 مستحق بیوگان کو عید وظائف بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے ممبر ان پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ زکواة شیخ فائونڈیشن کو دیں تا کہ اس کی سرگرمیوں کو مزید وسیع کیا جاسکے ۔ میٹنگ میںایگزیکٹو باڈی کے شرکاء شبیر حسین چاولہ’ شیخ عبدالقیوم ‘جواد شفیق ‘خالد حبیب ‘یوسف موتی ‘ایم ادریس سدھا’احمد سلیمان ‘زاہدخلیل’ قیصر شمس ‘بلال وحید’ایس ایم اقبال ‘ایم اسلم بھلی ‘ایم فاضل ‘شفیق رفیع ‘ریحان اشر ف ‘نوید اکرم شیخ ‘شاہد مجید’عدیل فیاض ‘طاہر اقبال شیخ ‘آصف محمود’ایم سلیم چاولہ ‘عابد محمود’خالد امین شیخ ‘ایم قاسم’ شیخ فاروق اللہ والا’حافظ ایم حنیف ‘ایم سردار لاہوری’محبوب صابر لاہوریہ ‘انجینئرطیب جاویدبھی شریک تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں